(ٹوکیو۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 01 رمضان 1439ھ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں 17 مئی سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا جبکہ ترکی اور روس سمیت بعض ممالک میں رمضان المبارک کی ابتداء 16 مئی کو ہوگئی تھی۔
دنیا بھر کی مساجد میں تراویح کا اہتمام کیا گیا ہے لیکن فلسطین کی حالیہ تباہ کن صورتحال اور اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بڑی تعداد میں فلسطینیوں کے جاں بحق ہونے کی وجہ سے مسلمانوں میں غم وغصّہ پایا جاتا ہے۔
اس سال رمضان المبارک کا آغاز ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب دو دن پہلے ’’یومِ نبکہ‘‘ کے موقع پر اسرائیلی فوج نے 61 فلسطینیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ یاد رہے کہ فلسطینی ہرسال 15 مئی کو ’’یومِ نبکہ‘‘ یعنی ’’یومِ تباہی‘‘ مناتے ہیں۔ یہ دن 1948ء میں برطانیہ کیجانب سے تخلیق کردہ اسرائیلی ریاست کے قیام کا وہ دن ہے جب لاکھوں فلسطینیوں کو اُن کے گھروں، گاؤں، زرعی زمینوں، محلوں اور علاقوں سے جبری طور پر بیدخل کرکے وہاں یورپ بھر سے لائے گئے یہودیوں کو آباد کردیا گیا تھا۔ اسی مناسبت سے فلسطینی اس دن کو ’’یومِ تباہی‘‘ کہتے ہیں اور ہر سال اس دن کے موقع پر اپنے چھینے گئے گھروں، زمینوں، گاؤں اور علاقوں کی واپسی کیلئے احتجاج کرتے ہیں۔
رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر غزہ میں بہت سے فلسطینی اسرائیلی فوج کی بربریت کا نشانہ بننے والے اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کی تدفین کررہے تھے جبکہ زخمی ہوجانے والے ہزاروں فلسطینی ہسپتالوں یا اپنے گھروں پر تکلیف میں ماہِ مبارک کا آغاز کررہے ہیں۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل