پاکستان ریڈیو اور ٹی وی کے معروف اداکار قاضی واجد دارِفانی سے کوچ کرگئے

(کراچی۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 12 فروری 2018) پاکستان ریڈیو اور ٹی وی کے معروف اداکار قاضی واجد دارِ فانی سے رخصت ہوگئے ہیں۔ اُن کے انتقال کی خبر ملک اور بیرون ملک بھر انتہائی دُکھ کیساتھ سُنی گئی جبکہ ٹی وی اور ریڈیو کے اداکاروں سمیت اس صنعت سے وابستہ دیگر شخصیات نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کی عمر 87 برس تھی۔

قاضی واجد کا شمار ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹی وی کے اہم ناموں میں کیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے اپنی فنی زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا اور 25 سال تک ریڈیو سے منسلک رہے۔

مرحوم قاضی واجد نے پاکستان ٹیلی ویژن کے متعدد یادگار ڈراموں سمیت فلموں میں بھی کام کیا اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ اُنہیں صدا بہار شخصیت کہا جاتا تھا۔

اُن کے مشہور ڈراموں میں خدا کی بستی، کرن کہانی، آنگن ٹیڑھا، تعلیم بالغاں، دھوپ کنارے، تنہائیاں اور متعدد ایسے ڈرامے شامل ہیں جن میں اُنہوں نے اداکاری کے زبردست جوہر دکھائے۔

پاکستان کیلئے اہم خدمات پر حکومت کی جانب سے 1988ء میں قاضی واجد کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔

ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلیویژن میں قاضی واجد کا یاد گار دور اِن دونوں اداروں کی تاریخ کے اہم باب ہیں۔ جن یادگار ڈراموں میں اُنہوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اُنہیں پاکستانی ریڈیو اور ٹی وی کی تاریخ میں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔