پاکستان سُپر لیگ کا تیسرا ٹورنامنٹ 22 فروری سے، فائنل کراچی میں ہوگا

(کراچی۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 8 فروری 2018)  کرکٹ کی پاکستان سُپر لیگ کا تیسرا ٹورنامنٹ 22 فروری سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلان کیمطابق فائنل کراچی میں منعقد ہوگا۔

ایک طویل عرصے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ مقابلے نیں ہوسکے تھے اور کرکٹ بورڈ پر تنقید کی جاتی رہی ہے کہ وہ پورے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے بجائے صرف لاہور پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔

اب کراچی میں پاکستان سُپر لیگ کے فائنل کی تیاریاں تیزی کیساتھ جاری ہیں جس سے اُمید کی جارہی ہے کہ کراچی میں جلد بین الاقوامی کرکٹ ایک مرتبہ پھر متحرک ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پر یہ الزام بھی لگتا رہا ہے کہ اس کے عہدیداروں کا تقرر سیاسی بنیادوں پر کیا جارہا ہے جس نے نا صرف پاکستانی کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا بلکہ پاکستانی کرکٹ کو لاہور تک محدود کردیا ہے۔

اب کرکٹ کے مداحوں کی نظریں پاکستان سُپر لیگ کے ممکنہ دلچسپ مقابلوں پر لگی ہوئی ہیں جبکہ یہ تشویش بھی پائی جاتی ہے کہ اس اہم ٹورنامنٹ میں اسپاٹ فکسنگ (میچ میں سودے بازی) جیسے واقعات کو رونما ہونے سے بچایا جاسکے گا یا نہیں جس نے پاکستانی کرکٹ کی ساکھ کو ناقابل نقصان پہنچایا ہے۔

اطلاعات کیمطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور سندھ حکومت 25 مارچ کو کراچی میں کھیلے جانے والے پاکستان سُپرلیگ کے فائنل کو مثالی انداز میں منعقد کروانے کیلئے پُرعزم ہیں اور سلامتی کے اقدامات کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

پاکستان بھر کے کرکٹ کے شائقین اس اُمید کا اظہار کررہے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پورے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی فعال بحالی کی حقیقی کوششیں کرے گا۔