(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 8 فروری 2018) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ممتاز اسپنر سعید اجمل نے ان آراء کو قطعی مُسترد کردیا ہے کہ پابندی کا شکار معروف بلے بازوں شرجیل خان اور خالد لطیف کی عدم موجودگی سے پاکستان سُپر لیگ 2018ء میں اُن کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ پر اثر پڑے گا یا دونوں بلے بازوں کی کمی محسوس ہوگی۔
یاد رہے کہ شرجیل خان اور خالد لطیف کو پاکستان سُپر لیگ کے گزشتہ ٹرنامنٹ میں اسپاٹ فکسنگ (کھیل میں سودے بازی) میں ملوث ہونے کی پاداش میں پابندی عائد کردی گئی تھی۔
اطلاعات کیمطابق سعید اجمل کا کہنا ہے کہ اُن کی ٹیم نے ایک مرتبہ چمپئن ہونے کے علاوہ دوسری بار سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ابھی تک شرجیل خان اور خالد لطیف کے متبادل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا تاہم سعید اجمل پراعتماد ہیں کہ اُن کی ٹیم کو مذکورہ دونوں کھلاڑیوں کی کمی محسوس نہیں ہوگی۔