(لاہور-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 12 ذوالقعدہ 1439ھ) پاکستان کے عام انتخابات 2018ء میں رائے دہی کے بعد ووٹوں کی ابتدائی گنتی کے غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کیمطابق پاکستان تحریکِ انصاف کو مُسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کیخلاف برتری حاصل ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ تحریکِ انصاف قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت حاصل کرپائے گی یا نہیں۔ لیکن یہ بات واضح ہورہی ہے کہ مسلم لیگ ن کو بڑی شکست کا سامنا ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی توقع کیمطابق صوبہ پنجاب میں مکمل ناکام نظرآرہی ہے تاہم دیہی سندھ میں اُس کے کئی اُمیدوار کامیاب ہوگئے ہیں۔۔
غیرسرکاری نتائج کیمطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے شاہ محمود قریشی واضح اکثریت سے کامیاب ہوچکے ہیں، اس وقت لوگوں کی نظریں کراچی اور لاہور پر ہیں۔ کراچی میں آخری اطلاعات آنے تک ایم کیو ایم پاکستان کو برتری حاصل ہے جبکہ لاہور میں مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریکِ انصاف کے مابین سخت مقابلہ ہے اور ووٹوں کی گنتی ابھی جاری ہے۔
پاکستان کے معیاری وقت کیمطابق رات 11 بجے تک کی اطلاعات کیمطابق پاکستان تحریکِ انصاف کو قومی اسمبلی کی 97 نشستوں پر برتری حاصل تھی جن میں سے غیرسرکاری نتائج کیمطابق وہ کئی نشستیں جیت چکی ہے۔ دوسری جانب، ن لیگ کو 60 نشستوں پر برتری حاصل تھی اور پیپلز پارٹی 29 نشستوں پر آگے تھی۔ اس کے علاوہ متحدہ مجلس عمل کو 9 اور ایم کیو ایم پاکستان کو 10 نشستوں پر برتری حاصل تھی۔
ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی پانچ گھنٹوں کے اعدادوشمار ظاہر کررہے ہیں کہ پاکستان تحریکِ انصاف سب سے آگے ہے جبکہ مُسلم لیگ ن کو لاہور سمیت ملک بھر میں کئی اہم نشستوں پر ممکنہ شکست کا سامنا ہے۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل