(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 20 رجب 1439ھ) حکومتِ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا مسئلہ بین الاقوامی اور دوطرفہ سطح پر اُٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت اور عسکری قیادت پر مشتمل پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے اسلام آباد میں منعقدہ اپنے بیسویں اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے وحشیانہ مظالم کا مسئلہ بین الاقوامی کثیر فریقی سطح پر اُٹھایا جائیگا۔
وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس نے جس میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی، حقِ خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی منصفانہ جدجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
قومی سلامتی کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کیجانب سے دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی جس میں 20 بے گناہ کشمیری شہید اور سینکڑوں مرد، خواتین اور بچے شدید زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے معروف علاقے شوپیاں اور اسلام آباد میں بھارتی قابض فوج نے عسکریت پسندوں کو پکڑنے کی کارروائی کے بہانے 20 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا اور اِس قتلِ عام پر احتجاج کرنے والے نہتّے اور معصوم کشمیریوں اندھا دھند فائرنگ کی جس سے سینکڑوں افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کیمطابق بھارتی فوج نے رات کو تلاشی کے بہانے کشمیری مسلمانوں کے گھروں میں گھس کر نوجوانوں کو گولی مارکر ہلاک اور گرفتار کرنے کی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ مقبوضہ جمّوں وکشمیر میں تعلیمی اداروں اور کاروبار سمیت تمام شعبے بھارتی فوج کی اِن وحشیانہ کارروائیوں سے شدید متاثر ہورہے ہیں۔
کشمیری قیادت اور پاکستان نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ ہلاکتوں اور صورتحال کی تحقیقات کیلئے اقوامِ متحدہ اپنے ٹیم کو فوری طور پر بھیجے تاکہ حقائق دنیا کے سامنے آسکیں اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل