(کراچی۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 4 رجب 1439ھ) پاکستان میں رواں سال عام انتخابات منعقد ہوں گے جس کیلئے تمام سیاسی جماعتیں نئی صف بندی اور تیاریاں کررہی ہیں۔ حسبِ معمول دینی جماعتوں نے بھی اپنی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے متحدہ مجلسِ عمل کو بحال کرکے جمیعتِ علماء اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمٰن کو اس کا صدر اور جماعتِ اسلامی کے لیاقت بلوچ کو جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا ہے۔
یہ اعلان دینی جماعتوں کے کراچی میں منعقدہ اجلاس کے بعد ایک اخباری کانفرنس میں کیا گیا۔ اس موقع پر متحدہ مجلسِ عمل کے نو منتخب صدر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا پوری قوم کو متحدہ مجلسِ عمل کی بحالی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے نئے سفرکےآغاز کاعہد کردیا ہے، کوشش کریں گے کہ قوم کی اُمیدوں پرپورا اتریں۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہرسطح پر متحدہ مجلسِ عمل میں تنظیم سازی ہوگی، آئندہ انتخاب اِسی اتحاد کے پرچم تلےلڑیں گے۔
متحدہ مجلسِ عمل کی بڑی جماعتوں میں جمیعتِ علماء اسلام (ف) اور جماعتِ اسلامی شامل ہیں جبکہ کچھ چھوٹی جماعتیں بھی اِس اتحاد کی رکن ہیں۔
یاد رہے کہ دینی جماعتوں کے اتحاد اس سے پہلے بھی انتخابات کے مواقعوں پر بنتے رہے ہیں لیکن عام طور پر دیکھنے میں آیا ہے کہ انتخابات کے بعد یہ اتحاد ٹوٹ جاتے ہیں جس کی وجہ سے عوام متنفر ہیں۔
متحدہ مجلسِ عمل کی بحالی کے موقع پر امیر جماعت اسلامی اور پاکستانی پارلیمان کے ایوانِ بالا کے رُکن سراج الحق بھی موجود تھے۔ اُنہوں نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست پر ظالم و جابر جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے لیکن ہم متحدہ مجلسِ عمل کے پلیٹ فارم سے عام پاکستانیوں کے لیے ایوان کے دروازے کھلیں گے۔