(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 16 رمضان 1439ھ) پاکستان میں قومی اسمبلی کو پانچ سالہ مُدّت مکمل ہونے پر تحلیل کردیا گیا ہے اس طرح مُسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنی مقررہ پانچ سالہ مُدّت مکمل کی جبکہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کی حکومت نے بھی اپنی پانچ سالہ مُدّت مکمل کی تھی۔
وزارتِ پارلیمانی اُمور کیجانب سے جاریکردہ اطلاع نامہ کیمطابق 31 مئی کی شب 12 بجے قومی اسمبلی تحلیل ہوگئی اور آج یکم جُون سے انتخابات کا عمل مکمل ہونے اور نئی منتخب حکومت ک اقتدار کی منتقلی تک نگراں حکومت ملک کا نظم ونسق چلائے گی۔ آئین کے شق 224 کے تحت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات اُن کی مدت پوری ہونے کے 60 روز کے اندر اندر کروانا لازمی ہے۔
ملک کی 71 سالہ تاریخ میں دوسری بار کسی منتخب حکومت نے اپنی مُدّت مکمل کی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے 2008ء سے 2013ء اور پھر مسلم لیگ ن نے 2013ء سے مئی 2018ء تک اپنی مدّت پوری کی ہے۔
پاکستان کا انتخابی کمیشن آج یکم جُون کو عام انتخابات کی تاریخوں اور دیگر اُمور کا باضابطہ اعلان کرے گا جس کے بعد متوقع اُمیدوار کاغذاتِ نامزدگی حاصل کرسکیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد ہوں گے۔ انتخابی کمیشن کے اعلان کیمطابق قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات ایک ہی دن منعقد کروائے جائیں گے۔
مسلم لیگ ن سمیت پاکستان کی سیاسی جماعتیں عام انتخابات کیلئے اپنی غیراعلانیہ مہم پہلے ہی شروع کرچکی ہیں جبکہ حکومت کی مدّت پوری ہونے سے قبل وزیراعظم سمیت تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ منصوبوں کے فیتے کاٹنے، سنگِ بنیاد رکھنے اور اپنے اپنے نام کی تختیوں کی نقاب کشائی کرنے میں مصروف رہے۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل