(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 11رمضان 1439ھ) پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات 25 جولائی کومنعقد کروانے کا اعلان کردیا گیا ہے جس کیلئے صدرِ مملکت ممنون حسین نے منظوری دیدی ہے۔
اطلاعات کیمطابق پاکستان کے انتخابی کمیشن نے صدرِ مملکت کو انتخابات کی تاریخ سے متعلق رپورٹ کا خلاصہ بھیجا تھا جسے اُنہوں نے قبول کیا۔ اسلام آباد میں ایوانِ صدر کے ترجمان نے بتایا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی دن منعقد کیے جائیں گے۔
انتخابی کمیشن نے انتخابات کے لیے 25، 26 اور 27 جولائی کی تاریخیں تجویز کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں صدر مملکت سے انتخابی قانون 2017 کے جُزو 57 (1) کے تحت آئندہ عام انتخابات کے لیے کسی ایک تاریخ کے چناؤ کی درخواست کی تھی جس پر صدر ممنون حسین نے قریب ترین تاریخ منتخب کی۔ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ ہوں گے۔
پاکستان کے آئین کے تحت موجودہ حکومت کی مدت رواں ماہ کے آخر میں مکمل ہو رہی ہے۔ ملک میں قومی اسمبلی و پنجاب اسمبلی کی پانچ سالہ مدت 31 مئی کو ختم ہورہی ہے جبکہ سندھ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کی اسمبلیاں اپنی مدت 28 مئی کو پوری کریں گی۔ آئین کے شق 224 کے تحت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات اُن کی مدت پوری ہونے کے 60 روز کے اندر اندر کروانا لازمی ہے۔
حکمراں جماعت سمیت پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے عام انتخابات کیلئے اپنی غیراعلانیہ انتخابی مہم پہلے ہی شروع کردی ہے۔ حکومت کی مدّت پوری ہونے سے قبل وزیراعظم سمیت صوبوں کے وزرائے اعلیٰ منصوبوں کے فیتے کاٹنے، سنگِ بنیاد رکھنے اور اپنے اپنے نام کی تختیوں کی نقاب کشائی کرنے میں مصروف ہیں۔