(نیویارک۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 21 رجب 1439ھ) اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتیرس نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کی جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے عشروں پُرانے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہمیشہ اقوامِ متحدہ سے رجوع کیا ہے لیکن بھارت نے عالمی ادارے کیجانب سے ثالثی کی مخالفت کی۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارِک کیجانب سے جاریکردہ بیان کیمطابق جناب گتیرس نے کہا ہے کہ کشمیر ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا اقوامِ متحدہ مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور اِس معاملے کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کا یہ اُصولی مؤقف رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہش کیمطابق حقِ خُودارادیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ بھارت عالمی ادارے میں کیے گئے اپنے وعدوں اور تمام جموری اُصولوں کو پامال کرتے ہوئے جمّوں وکشمیر کے عوام کو حقِ خُود ارادیت دینے سے انکار کرتا آرہا ہے۔
ترجمان اسٹیفن دوجارِک نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری جنرل گتیرس نے جمّوں وکشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بھارت جمّوں وکشمیر میں اپنے مظالم اور کشمیریوں کے قتل عام کو چھپانے کیلئے اقوامِ متحدہ کے تحقیقاتی مِشن سمیت بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دیتا جبکہ بھارتی ذرائع ابلاغ حکومت اور قابض فوج کے بیانات پر مبنی یکطرفہ خبریں اور رپورٹس پیش کرتے رہتے ہیں۔
بھارت میں اپنی آٹھ لاکھ فوج کو مقبوضہ جمّوں وکشمیر میں تحریکِ آزادی کو دبانے اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے پر لگا رکھا ہے۔ حالیہ دنوں میں پیلٹ گن سے کشمیری مردوخواتین اور بچّوں تک کو نشانہ بنایا گیا ہے جس سے ہزاروں لوگ بینائی کھونے سمیت معذور ہوچکے ہیں۔
اِسی ہفتے بھارتی فوج نے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کا ڈھونگ رچاکر 20 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا اور اِس جانی نقصان پر احتجاج کرنے والے سینکڑوں کشمیری مظاہرین کو گولیوں سے زخمی کردیا ہے جس پر پوری وادی سراپا احتجاج ہے۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل