(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 24 جمادی الثانی 1439ھ) پاکستان کی پارلیمان کے ایوانِ بالا کے نئے منتخب ارکان نے آج پیر کے روز حلف اُٹھالیا ہے جس کے بعد پاکستانی وقت کیمطابق آج شام چار بجے کے قریب ایوانِ بالا کے چیئرمین اور نائب چیئرمین کے انتخاب کیلئے خفیہ رائے دہی ہوگی۔
ایوانِ بالا کے چیئرمین اور نائب چیئرمین کے انتخاب کیلئے حکمراں مسلم لیگ ن اور حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے مابین سخت مقابلہ متوقع ہے کیونکہ دونوں کیجانب سے اکثریت حاصل کرنے کے دعوے کیے جارہے ہیں۔ حکمراں جماعت نے ایوانِ بالا کے چیئرمین کیلئے راجہ ظفرالحق اور نائب چیئرمین کیلےے بلوچستان سے عثمان خان کاکڑ کو نامزد کیا ہے۔ دوسری جناب حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریکِ انصاف سمیت دیگر جماعتوں نے چیئرمین کیلئے بلوچستان سے محمد صادق سنجرانی اور نائب چیئرمین کیلئے سلیم مانڈی والا کو نامزد کیا ہے۔
چاروں اُمیدواروں نے اپنے کاغزاتِ نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔ قبل ازیں اس سلسلے میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران حکمراں اور حزبِ اختلاف کی جماعتوں کیجانب سے زبردست جوڑ توڑ دیکھنے میں آئی جس کی وجہ سے دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ شب سیاسی درجہٴ حرارت بلندیوں پر تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریکِ انصاف ایک دوسرے کی سخت حریف جماعتیں ہیں لیکن دونوں نے محمد صادق سنجرانی اور سلیم مانڈی والا کی حمایت کا اعلان کرکے بہت سوں کو حیرت میں مبتلا کردیا۔ اس تازہ صورتحال سے حکمراں جماعت کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بعض چھوٹی جماعتوں کیجانب سے بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ اُمیدواروں کی حمایت کے اعلان نے ایوانِ بالا کے انتخابی مقابلے کو مزید دلچسپ بنادیا ہے۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل