(پشاور-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 27 شوال 1439ھ) پاکستان میں عام انتخابات کی مہم کے دوران پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے ایک جلسے پر مبینہ خودکش حملے میں صوبائی اسمبلی کی نشست کے اُمیدوار ہارون بلور سمیت 20 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
مرحوم ہارون بلور عوامی نیشنل پارٹی کے سابق رہنماء اور سابق صوبائی وزیر بشیر بلور کے صاحبزادے تھے۔ ہارون بلور رات 11 بجے کے قریب پشاور کے علاقے یکہ توت میں ایک انتخابی جلسے میں شرکت کیلئے پہنچے تھے۔ اس دوران زبردست نعرے بازی ہورہی تھی اور اُن کے اسٹیج پر پہنچنے سے ذرا پہلے ایک زور دار دھماکہ ہوا جس سے چاروں طرف افراتفری پھیل گئی۔
پولیس حکّام نے ابتدائی تفتیش کے بعد کہا ہے کہ حملہ خود کش تھا جس کا ہدف ہارون بلور تھے۔ اطلاعات کیمطابق۔ ہارون بلور کو شدید زخمی حالت میں مقامی ہسپتال لیجایا گیا جہاں اُن کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے قومی اور صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات سے قبل سلامتی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے کیونکہ اُمیدوار بڑے بڑے اجتماعات منعقد کرتے ہیں جن میں شرکاء کی جانچ پڑتال یا نگرانی کے انتظامات ناقص ہوتے ہیں۔ گزشتہ انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران بھی عوامی نیشنل پارٹی کے جلسوں میں کئی حملے ہوئے تھے۔