(بیجنگ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 9شعبان 1439ھ) پاکستان کے وزیرِ خارجہ خواجہ آصف نے چین کے نائب صدر وانگ چی شان سے بیجنگ میں ملاقات کی ہے جس میں دوطرف تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ اس موقع پر جناب وانگ نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بناکر انہیں ایک نئی بلندی پر لے جانے کا عزم ظاہر کیا۔
چینی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان، تمام وقتوں میں چین کا تزویراتی شراکتدار ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ انسانیت کیلئے مشترکہ مستقبل کیساتھ ایک برادری کی تعمیر وقت سے مطابقت رکھنے والا رجحان ہے۔ جناب وانگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات کو ایسے مشترکہ مستقبل کیلئے قیادت کرنی چاہیئے۔
پاکستانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان یہ دیکھ کر خوش ہے کہ صدرشی جن پنگ کی قیادت میں چین نے تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا ک پاکستان کئی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مضبوط تر بنانے کیلئے تیار ہے اور چین کے کلیدی مفادات سے متعلقہ معاملات کی پرزور حمایت کرتا ہے۔
یاد رہے کہ قبل ازیں اِسی ماہ بوآؤ فورم کے موقع پر پاکستان کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عبّاسی سے ملاقات کے دوران صدر شی جن پنگ نے کہا تھا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات کو علاقائی امن و استحکام کا ستون ہونا چاہیئے۔ اُنہوں نے زور دیا تھا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو پٹّی اور شاہراہ منصوبے کے تحت اچھّے ہمسایہ تعلقات اور بین الاقوامی تعاون کیلئے نمونہ بننا چاہیئے۔