(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 21 شعبان 1439ھ) اطلاعات کیمطابق پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ احسن اقبال ایک جلسے کے موقع پر اُن پر کی گئی فائرنگ سے زخمی ہوگئے ہیں جس کے بعد اُنہیں ہسپتال لیجایا گیا جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
موصولہ اطلاعات کیمطابق احسن اقبال صوبہ پنجاب کے علاقے نارووال میں جلسے سے خطاب کیلئے پہنچے تھے جہاں اُن پر فائرنگ کی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اُنہیں گولی لگی ہے اور وہ زخمی حالت میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نارووال میں حکمراں مسلم لیگ ن کے ایک جلسے سے خطاب کے بعد اپنی گاڑی کی طرف جا رہے تھے کہ اُن پر نامعلوم اطراف سے فائرنگ کی گئی۔ پولیس کیمطابق اُن پر فائرنگ کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ فائرنگ کرنے والا ایک ہی شخص تھا یا مزید ملزمان بھی تھے۔
اُردونیٹ کے ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے احسن اقبال کو طبی امداد کےلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دریں اثناء، وزیرِ مملکت طلال چوہدری نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ وزیرداخلہ احسن اقبال کے دائیں کندھے میں گولی لگی ہے۔
ملک کی سیاسی جماعتوں کے قائدین نے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمّت کی ہے جبکہ حکمراں مُسلم لیگ ن نے واقعے کو بزدلانہ قراردیتے ہوئے مکمل تفتیش پر زور دیا ہے۔
صدرِمملکت ممنون حسین نے بھی احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمّت کی ہے جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل