(شنگھائی-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 27 صفر1440ھ) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے شنگھائی میں چین بین الاقوامی درآمد نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) نئی سرمایہ کاری، نئی منڈی اور نئے راستے کھول رہا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’اس نمائش میں شرکت میرے لیے باعث اعزاز ہے اور جس انداز سے چین کی حکومت نے ہمارا خیر مقدم کیا اس پر ہم شکر گزار ہیں‘‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان میں قراقرم ہائی وے، سی پیک کے جدید تیزرفتار شاہراہوں کے نیٹ ورک کا حصہ ہے جو گوادر کی بندرگاہ سے جوڑتا ہے اور ’’ایک پٹّی ایک شاہراہ‘‘ منصوبے کا نقطہٴ آغاز ہے جس کے اثرات نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی تمام معیشتوں پر بھی پڑیں گے‘‘۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’’سی پیک دوریوں اور لاگت کو کم کرے گا اور اہم ضروری وسائل پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ صارفین کے لیے نئی اشیاء کی پیداوار میں اضافہ کرے گا‘‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’’ایک پٹّی ایک شاہراہ منصوبہ چین کو مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیاء سے منسلک کرنے کا ایک نظام ہے، جو تازہ سرمایہ کاری کی راہیں، نئی منڈی اور نئے راستے کھول رہا ہے’۔
وزیراعظم نے مستقبل کیلئے پاکستان میں امکانات کی طرف حاضرین کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ’’ہم پاکستان میں وسائل سے مالامال ہیں جس میں زرخیز زمین، 12 موسمی علاقوں پر مشتمل ایک خطہٴ زمین ہے‘‘۔
اُنہوں نے یہ نشاندہی بھی کی کہ ’’ہم ٹیکسٹائل، کھیلوں اور انجینئرنگ کی اشیاء کے علاوہ سرجیکل آلات سمیت طبّی ٹیکنالوجی بھی بنا رہے ہیں جبکہ اطلاعاتی ٹیکنالوجی، آئی ٹی کی خدمات بھی فراہم کررہے ہیں‘‘۔
توقع کی جارہی ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کے حالیہ دورہٴ چین کے نتیجے میں چین کیلئے پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جس سے دونوں ملکوں کے مابین باہمی تجارت کا توازن درست کرنے میں مدد ملے گی جو اس وقت مکمل چین کے حق میں ہے۔