پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس کا شاندار آغاز، جنوبی وشمالی کوریا کی مفاہمت کا اظہار

(پیونگ چانگ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 10 فروری 2018)  جنوبی کوریا کے پیونگ چانگ میں جمعہ کے روز 23 ویں سرمائی اولمپک کھیلوں کا باضابطہ افتتاح ہوگیا ہے۔ اس تقریب میں جنوبی وشمالی کوریا نے ایک متحدہ پرچم کیساتھ مارچ کرکے مفاہمت کا اظہار کیا جبکہ شائقین نے اس موقع پر زبردست جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کوریاؤں کے کھلاڑیوں نے جن کے ہاتھوں میں متحدہ کوریا کے پرچم تھے ہزاروں شائقین کے سامنے مسکراہٹوں کیساتھ مارچ کیا۔

اس موقع پر جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اِن، شمالی کوریا کے رہنماء کم جونگ اُن کی چھوٹی بہن کم یو جونگ، شمالی کوریا کی اعلیٰ ترین پیپلز اسمبلی کی مجلس منتظمہ کے صدر کم یونگ نم، جاپانی وزیراعظم شنزوآبے اور امریکی نائب صدر مائیک پینس کے علاوہ دیگر غیرملکی شخصیات بھی موجود تھیں۔

صدر مُن جے اِن نے محترمہ کم یو جونگ کا پرجوش انداز میں استقبال کیا اور اُن سے ہاتھ ملایا جو جنوبی کوریا کا دورہ کرنے والی شمالی کوریا کے حکمراں خاندان کی پہلی رکن ہیں۔ امریکی نائب صدر پینس جو پیانگ یانگ پر شدید کرتے رہے ہیں وہ اس موقع پر کوئی ایک میٹر کے فاصلے پر بے حس بیٹھے رہے۔ جب شمالی وجنوبی کوریا کے کھلاڑی ایک ساتھ اسٹیڈیم میں داخل ہوئے تو زبردست تالیوں سے اُن کا استقبال کیا گیا اور صدر مُن نے ایک مرتبہ پھر محترمہ کم یو جونگ سے گرمجوشی سے ہاتھ ملایا۔

جنوبی کوریا سمیت دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز شمالی کوریائی رہنماء کی چھوٹی بہن کم یو جونگ تھیں جن کا اطلاعات کیمطابق پیانگ یانگ کی انتظامیہ میں غیرمعمولی کردار ہے۔