پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس کا متاثر کُن اختتام، اگلے سرمائی اولمپکس بیجنگ میں ہوں گے

(پیونگ چانگ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 10 جمادی الثانی 1439ھ)  سترہ روزہ پیونگ چانگ سرمائی اولمپک کھیلوں کا ایک شاندار تقریب کیساتھ اتوار کے روز اختتام ہوگیا ہے۔ 9 سے 25 فروری تک جاری رہنے والے ان کھیلوں میں 92 ممالک کے 2920 کھلاڑیوں نے حصّہ لیا جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

پیونگ چانگ اولمپکس کی اختتامی تقریب کھلاڑیوں کی پُرعزم پریڈ، شائقین کے جوش اور سیاسی طور پر بھی دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکوز رہی۔ جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اِن، بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ، چین کے نائب وزیراعظم لیو یان دونگ، امریکی صدر کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ، شمالی کوریا کے اعلیٰ سطحی وفد کے سربراہ کِم یونگ چھول اور دیگر شخصیات نے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔

پیونگ چانگ اولمپکس میں ناروے 39 تمغوں کیساتھ اوّل رہا جن میں 14 طلائی تمغے شامل ہیں۔  جرمنی نے 14 طلائی تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر 31 تمغے حاصل کیے اور دوسرے نمبر رہا جبکہ کینیڈا 11 طلائی اور مجموعی طور پر 29 تمغوں کیساتھ تیسرے نمبر پر آیا۔

جنوبی کوریا 5 طلائی اور مجموعی طور پر 17 تمغوں کیساتھ ساتویں، جاپان 4 طلائی اور مجموعی طور پر 13 تمغوں کے ساتھ گیارہویں جبکہ چین ایک طلائی اور کُل 9 تمغوں کے ساتھ سولہویں نمبر پر رہا۔ پاکستان کے دو کھلاڑیوں نے بھی پیونگ چانگ اولمپکس میں حصّہ لیا لیکن کوئی تمغہ حاصل نہ کرسکے۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے الپائن اسکیئنگ اور کراس کنٹری اسکیئنگ میں حصّہ لیا۔

پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرمز بنی رہی

پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس اس لحاظ سے بھی دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنے رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ان کھیلوں میں شرکت کے اعلان کے بعد جزیرہ نما کوریا میں امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین جاری کشیدگی میں بڑی حد تک کمی آئی۔ اس دوران جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے کئی براہِ راست اعلیٰ سطحی رابطے ہوئے جن سے دونوں کوریاؤں کے مابین مذاکرات اور تعلقات کی بحالی کی راہ ہموار ہوئی۔

شمالی وجنوبی کوریا کے کھلاڑیوں نے افتتاحی واختتامی تقریب میں ایک ساتھ مارچ کیا جبکہ دونوں ملکوں کی مُشترکہ آئس ہاکی ٹیم نے مقابلوں میں حصّہ لیا جس سے دونوں کوریاؤں میں مفاہمت پر زور دینے والوں کے موقف کو تقویت ملی ہے۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ بیجنگ شہر کے ناظم کو اولمپک پرچم حوالے کرتے ہوئے

اگلے سرمائی اولمپک کھیل چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 2022ء میں منعقد ہوں گے۔ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ نے پیونگ چانگ اسٹیڈیم میں اولمپک پرچم بیجنگ شہر کے ناظم چھین جِیننگ کے حوالے کیا۔ چین کا معروف اور مصروف شہر بیجنگ 2022ء میں 4 سے 20 فروری تک سرمائی اولمپک کھیلوں کی میزبانی کرے گا۔