چین میں بغیر ڈرائیور چلنے والی گاڑیوں کی آزمائش کا اجازت نامہ جاری

(بیجنگ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 6 رجب 1439ھ) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بغیر ڈرائیور چلنے والی گاڑیوں کی عام سڑکوں پر آزمائش کیلئے اجازت نامہ عارضی نمبرپلیٹ کیساتھ جمعرات کے روز جاری کردیا گیا ہے۔ اس شہر نے ڈرائیور کے بغیر خُود کار طریقے سے چلنے والی گاڑیوں کی آزمائش کیلئے 33 عام سڑکوں کو کھول دیا ہے جن کی مجموعی لمبائی 105 کلومیٹر ہے۔ یہ سڑکیں گنجان آبادی والے علاقوں سے دور شہر کے مضافات میں واقع ہیں۔

یاد رہے کہ قبل ازیں رواں ماہ امریکہ کے شہر اریزونا میں اُوبر کمپنی کی بغیر ڈرائیور کے چلنے والی ایک گاڑی کے ٹکر سے ایک راہگیر خاتون ہلاک ہوگئی تھی۔ اطلاعات کیمطابق اُ سوقت اُوبر کی گاڑی خود کار نظام پر بغیر ڈرائیور کے چل رہی تھی تاہم اِسے سنبھالنے والا بھی گاڑی میں موجود تھا۔

امریکہ میں بغیر گاڑیوں کے چلنے والی گاڑیوں کی آزمائش کے قومی سلسلے کے تحت اریزونا میں فروری 2017ء سے اُوبر کی خود کار گاڑیاں چل رہی ہیں۔

بیجنگ میں بغیر ڈرائیور کے چلنے والی اِن گاڑیوں کے انتظامات اور سڑک پر آزمائش کیلئے صرف اُنہی گاڑیوں کو اجازت دی گئی ہے جنہوں نے مخصوص کردہ بند آزمائشی جگہوں پر پانچ ہزار کلومیٹر کی مسافت طے کی ہو اور آزمائشی طور پر چلنے میں پاس بھی ہوئی ہوں۔

مقامی ضابطے کیمطابق اِن گاڑیوں میں نگرانی کے ایسے آلات نصب ہونا لازم ہیں جو چلتی ہوئی گاڑی کی نقل وحرکت کی نگرانی کرسکیں، گاڑی کے مقام کی معلومات حاصل کرسکیں اور یہ جانچ کرسکیں کہ آیا گاڑی خودکار چلنے والے نظام پر ہے یا نہیں۔

بیجنگ میں بغیر ڈرائیور چلنے والی گاڑیوں کی آزمائش کا اجازت نامہ 30 دن کیلئے کارآمد ہے جس کے بعد خودکار ڈرائیونگ پاس کرنے کے جائزے کے بعد اس کی تجدید کیلئے درخواست دی جاسکتی ہے۔

امریکہ، جاپان، ناروے اور چین سمیت کئی ملکوں میں بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گاڑیوں کی آزمائش کی جارہی ہے جبکہ ایسی گاڑیوں کیلئے قوانین بھی زیرِ غور ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگلے 10 سے 15 سالوں کے دوران عام سڑکوں پر گاڑیوں کی نقل وحمل کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔