(شنگھائی-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 27 صفر1440ھ) چین کے صدر شی جن پنگ نے شنگھائی میں چین بین الاقوامی درآمد نمائش کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ چین کی معیشت ایک سمندر ہے تالاب نہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ طوفان ایک تالاب کو برباد کرسکتے ہیں سمندر کو نہیں۔
اُنہوں نے اعلان کیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید وسعت دی جائے گی اور چین کے دروازے تمام ممالک کے لیے مزید وسیع ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چین آئندہ 15سال میں 10کھرب کی خدمات اور 30 کھرب ڈالر کی اشیاء درآمد کرے گا۔ اُنہوں نے چین کی اس بین الاقوامی نمائش کو بین الاقوامی تجارت کی ترقّی کیلئے تاریخ ساز اقدام قراردیا۔
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کو مشترکہ چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے، عالمگیریت نے جنگل کے قانون کا خاتمہ کردیا جبکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے دنیا میں انقلاب برپا کردیا ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ معاشی عالمگیریت ایک ایسا تاریخ ساز رجحان ہے جسے واپس نہیں موڑا جاسکتا اور یہ عالمی معیشت کی ترقّی کیلئے قوی تحریک فراہم کرتا ہے۔
صدر شی نے یہ اعلان بھی کیا کہ چین دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی فرق کو ختم کرنا چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ چین کے شہر شنگھائی میں ہونے والے اس عالمی نمائش میں 130ممالک کی 3 ہزار سے زائد کمپنیاں شریک ہیں۔ پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان کے علاوہ روس کے وزیراعظم دمتری میدویژیف نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل