(بیجنگ ۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ 6 فروری 2018) چین میں پہلا آزمائشی بنیادی 5جی اسٹیشن شروع کردیا گیا ہے ۔ ہوبئے صوبے میں شروع کیے جانے والا یہ آزمائشی نیٹ ورک ذرائع ابلاغ کو دکھایا گیا ۔ چین میں بڑے پیمانے پر 5جی ٹیکنالوجی کی آزمائش شروع کرنے والا یہ پہلا صوبہ ہے جبکہ اطلاعات کیمطابق دیگر صوبوں میں بھی 5جی ٹیکنالوجی کے تجربات شروع کیے جائیں گے ۔
گزشتہ ہفتے چین کی وزارت صنعت اور اطلاعات ٹیکنالوجی کے سربراہ انجینئیر ژانگ فین نے کہا تھا کہ سال 2018ء 5جی ٹیکنالوجی کیلئے معیارات مقرر کرنے اور متعلقہ تجارتی مصنوعات کی تحقیق و ترقی کیلئے اہم ہوگا ۔ اُن کا کہنا تھا کہ بنیادی طور پر ہم 5جی نظام کے آلات کو کاروباری مقاصد سے پہلے کی سطح لانا چاہتے ہیں جو موبائل فونز کے بڑے پیمانے کے تجربات کیلئے ایک ٹھوس بنیاد ڈالے گا۔
چین 5جی ٹیکنالوجی کو تیزرفتاری سے ترقی دے رہا ہے اور اس مقصد کیلئے حکومتی مدد اور ٹیکنالوجی کے بڑے اداروں کیجانب سے سرمایہ بھی حاصل ہے۔
چین غیر ملکی کاروباریہ اداروں کی 5جی ٹیکنالوجی کی تحقیق اور ترقی میں شرکت کی بھی حوصلہ افزائی کررہا ہے ۔ ماہرین کیمطابق دنیا بھر میں 5جی سمیت نئی ٹیکنالوجیاں معاشروں کے رہن سہن اور سہولیات کو تیزی کیساتھ تبدیل کردیں گی ۔
ایک عالمی تحقیقی ادارے نے امکان ظاہر کیا ہے کہ چین 2025ء میں دنیا کی سب سے بڑی 5جی منڈی ہوگا۔