(ٹوکیو۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 10 رجب 1439ھ) غیر مصدقہ اطلاعات کیمطابق شمالی کوریا کے رہنماء کِم جونگ اُن چین کا خفیہ دورہ کررہے ہیں لیکن بیجنگ یا پیانگ یانگ نے اِن خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔ جنوبی کوریا، امریکہ اور جاپان کے ذرائع ابلاغ نے شمالی کوریا سے ایک خصوصی ریل گاڑی بیجنگ پہنچنے کی اطلاعات اور سماجی ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والی ایک ریل گاڑی کی تصویر بھی شائع کی ہے جو شمالی کوریائی رہنماء اپنے دورہٴ چین اور رُوس کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں۔
جنوبی کوریا کے اخبار چوسن اِلبو نے اپنی خبر میں امکان ظاہر کیا ہے کہ کِم جونگ اُن یا اُن سے قریبی کوئی اعلیٰ سرکاری عہدیدار چین کے خفیہ دورے پر ہے جو مذکورہ ریل گاڑی کے ذریعےبیجنگ پہنچا ہے۔ بعد ازاں بیجنگ کی شاہراہ پر ایک لِموزین گاڑی اور اُس کے آگے پیچھے پولیس کی گاڑیوں کے قافلے کی تصویر سماجی رابطوں کے نیٹ ورکس پر جاری ہوئی ہے جس سے باور کیا جارہا ہے کہ کسی اہم شخصیت نے بیجنگ کا دورہ کیا ہے۔ تاہم تصویر سے یہ واضح نہیں ہے کہ اُسے کب کھینچا گیا ہے۔
جنوبی کوریائی ذرائع ابلاغ کیمطابق سیئول میں اعلیٰ سطحی سرکاری عہدیدار نے اِس بات کی تصدیق کی ہے کہ شمالی کوریا سے ایک خصوصی ریل گاڑی چین گئی ہے لیکن اُس پر کون سوار ہے اِس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ تاہم یہ چہ میگوئیاں بھی جاری ہیں کہ کِم کی چھوٹی بہن کِم یو جونگ بیجنگ کے دورے پر ہیں۔
یاد رہے کہ شمالی کوریا کے رہنماء کِم اور جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اِن اپریل میں سربراہ ملاقات کرنے والے ہیں جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنماء کِم کی سربراہ ملاقات مئی میں متوقع ہے لیکن ابھی تک پیانگ یانگ نے اِن اطلاعات کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
دریں اثناء، چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے منگل کی دوپہر تک کسی بھی شمالی کوریائی عہدیدار کے دورہٴ بیجنگ کے بارے میں خبر جاری نہیں کی اور نہ ہی چین نے باضابطہ طور پر ایسے کسی دورے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے خبررساں ادارے یونہاپ نے خبر دی ہے کہ سیاہ لِموزین، بسوں اور ایمبولینس پر مشتمل گاڑیوں کے ایک قافلے کو بیجنگ کے سرکاری مہمان خانہ میں پیر کے روز داخل ہوتے دیکھا گیا ہے۔ باور کیا جارہا ہے کہ کِم یا اُن کی چھوٹی بہن کِم یو جونگ بیجنگ کے سرکاری دورے پر ہیں جنہوں نے فروری میں پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس کے موقع پر جنوبی کوریا کا دوری کیا تھا۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل