(پیرس-اُردونیٹ پوڈکاسٹ17ذوالحجہ 1439ھ) فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں نے کہا ہے کہ یورپی سلامتی کا انحصار اب مزید امریکہ پر نہیں ہونا چاہیئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ یورپی سلامتی اور اس کی سالمیت کی ضمانت دینا ہم پر منحصر ہے۔
صدر میکخواں پیرس میں صدارتی محل میں فرانسیسی سفراء کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ دفاعی تعاون کی بات چیت میں تمام یورپی ممالک اور روس اِس شرط پر شامل ہونا چاہیئے کہ یوکرائن کے معاملے پر پیشرفت کی جائے۔
امریکہ کیجانب سے فولاد اور ایلومینیم مصنوعات پر درآمدی محصولات میں اضافے اور ایران پر یکطرفہ پابندیوں کی وجہ سے یورپی یونین اور واشنگٹن کے مابین شدید تجارتی اختلافات سامنے آئے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ امریکی اقدامات سے یورپی معیشت بحران کا شکار ہوسکتی ہے۔
یورپی تجزیہ کار اور اقتصادی ماہرین زور دے رہے ہیں کہ یورپ اپنی سلامتی اور معیشت کیلئے واشنگٹن پر مزید انحصار کرنے سے گریز کرے کیونکہ امریکہ اب قابلِ اعتبار شراکتدار نہیں رہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر میکخواں نے کہا کہ اس وقت عالمی تجارتی ضوابط کام نہیں کررہے لیکن یکطرفہ اقدام پرستی اور تجارتی جنگ بدترین جواب ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ امریکہ، یورپ، چین اور جاپان کے مابین نومبر میں پیرس میں بات چیت ہونی چاہیئے۔
امریکی صدر کے بڑھتے ہوئے یکطرفہ معاشی اقدامات کی وجہ سے عالمی معیشت کی نمو شدید متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ امریکہ نے چین، کینیڈا، یورپ اور دیگر ملکوں کی مصنوعات پر درآمدی محصولات میں اضافہ کردیا ہے جس کے باعث معاشی بحران کے ساتھ ساتھ کئی ملکوں کے سکّے کی قدر پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ کئی ماہرین اسے امریکہ کی اقتصادی جنگ قراردے رہے ہیں۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل