ترکی افریقہ کیساتھ شانہ بشانہ چلنا چاہتا ہے: اردوغان

(انقرہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 15 جمادی الثانی 1439ھ)  ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ اُن کا ملک افریقہ کیساتھ شانہ بشانہ چلنا چاہتا ہے۔ چار افریقی ممالک کے پانچ روزہ دورے کے اختتام پر ٹوئیٹر پر اپنے بیان میں جناب اردوغان نے کہا کہ ایک عالمی نظام قائم کیا جارہا ہے اور ہم افریقہ کیساتھ چلنا چاہتے ہیں۔

اُنہوں نے الجیریا، ماریطانیا، سینیگال اور مالی کے اپنے دوروں کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے تعمیری مذاکرات کیے اور رابطے قائم کیے ہیں۔

صدر اردوغان نے اُمید ظاہر کی کہ ہر شعبے میں افریقہ کیساتھ دوستی میں اضافہ کیا جائے گا۔ اُنہوں نے الجیریا، ماریطانیا، سینیگال اور مالی کے ساتھ برابری کی بنیاد پرصحت، زراعت، سرمایہ کاری اور معیشت سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

سینیگال میں ایک کاروباری مذاکرے میں خطاب کرتے ہوئے صدر اردوغان نے کہا کہ ہم افریقہ کے ساتھ تعلقات کو تقویت دے کر طویل مُدّتی تعاون کے خواہاں ہیں۔ اُنہوں نے اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ دنیا کے 196 ممالک کی تقدیر کا تعین پانچ ملک نہیں کرسکتے۔

ترکی کی خاتونِ اوّل امینہ اردوغان بھی افریقی ممالک کے دورے میں صدر اردوغان کے ساتھ تھیں۔ اُنہوں نے اس دورے میں بچوں اور خواتین کے کئی مراکز کے دورے کیے اور خواتین کی تنظیموں سے بھی ملاقاتیں کیں۔