ترکی کے صدر اردوغان نے قبل ازوقت انتخابات 24 جون کو منعقد کروانے کا اعلان کردیا

(انقرہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 3 شعبان 1439ھ)  ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ملک میں قبل ازوقت انتخابات رواں سال 24 جون کو منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے۔ اُنہوں نے قوم پرست تحریک جماعت، ایم ایچ پی کے رہنماء دولت باچیلی کیساتھ ایوانِ صدر میں ملاقات کے بعد ایک اخباری کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔

اِس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے صدر اردوغان نے بتایا کہ شام میں سرحد پار کارروائی اور عراق میں پیش آنے والے اہم واقعات نے ترکی میں کسی بھی غیریقینی صورتحال کو فوری طور پر ختم کرنا ناگزیر بنادیا ہے۔ یاد رہے کہ قوم پرست تحریک جماعت کے رہنماء نے گزشتہ ایک بیان میں زور دیا تھا کہ قبل از وقت انتخابات کروائے جائیں۔ ترکی میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات نومبر 2019ء میں ہونا تھے لیکن اب قبل ازوقت انتخابات کے اعلان کے بعد ملک کا اعلیٰ انتخابی بورڈ انتخابات کے عمل کی تیاریاں شروع کردے گا۔

صدر اردوغان نے یہ نشاندہی بھی کی کہ فوری طور پر صدارتی نظام اپنانے کی ضرورت ہے جبکہ عہدیداروں کے مابین اس معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ جناب باچیلی کی جماعت نے ملک میں صدارتی نظام لانے کے سوال پر اپریل 2017ء میں منعقدہ استصوابِ رائے میں حکمراں انصاف اور ترقّی جماعت، اے کے پارٹی کیساتھ صدارتی نظام کی حمایت کی تھی۔ اِن دونوں جماعتوں نے عوامی اتحاد (پیپلز الائنس) کے نام سے انتخابی اتحاد تشکیل دیا ہے۔

تجزیہ کاروں کیمطابق ترکی تیزی کیساتھ صدارتی نظام کیجانب جارہا ہے اور جون میں ہونے والے انتخابات سے اس سلسلے میں کئی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں گی۔ صدر رجب طیب اردوغان اور اُن کی جماعت صدارتی نظام کی حامی ہے جبکہ گزشتہ سال استصوابِ کے ذریعے عوام نے بھی صدارتی نظامِ حکومت کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا تھا۔