جاپان سے قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پروازیں بحال، پاکستانی برادری میں خوشی کی لہر  

(اُردو نیٹ پوڈکاسٹ ٹوکیو 17 مئی 2019 ) پاکستان ایئر لائن کی جاپان کیلئے پروازیں 31 مئی سے بحال ہوجائیں گی ، اس بات کا اعلان پی آئی اے جاپان کے کنٹری مینیجر محمد بشیرالدین خان نے مورخہ 17 مئی کو ٹوکیو جامعی یعنی ٹوکیو ترکش مسجد میں نماز جمعہ کے بعد پاکستانیوں سے ملاقات کے دوران کیا- اُن کے ہمراہ پی آئی اے ٹوکیو کے سینئر ٹریفک ایجنٹ رانا وحید بھی تھے جو مسافروں کی دیکھ بھال کی خدمات کے شعبے سے ہیں۔ اس موقع پر جاپان میں معروف کاروباری شخصیت چوہدری آصف، جاپان میں سینئر پاکستانی اور اُردو کے روحِ رواں عبدالرحمٰن صدیقی اور دیگر پاکستانی شخصیات بھی موجود تھیں۔ جناب محمد بشیرالدین خان نے اُردو نیٹ پوڈ کاسٹ کے مدیرِ اعلیٰ محمد زبیر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی اور لاہور سے قومی ایئرلائن کی دوطرفہ پروازوں کی بحالی کیلئے تیاریاں جاری ہیں اور اب صرف بیجنگ کی انتظامیہ کیجانب سے باضابطہ منظوری وصول کیے جانے کا انتظار ہے جنہوں نے 22 مئی کو اپنے اجلاس کے بعد باضابطہ منظوری دینے کی یقین دہانی کروادی ہے۔

پی آئی اے ٹوکیو کے کنٹری مینیجر جناب محمد بشیرالدین خان نے مزید بتایا کہ فروری میں پاکستان سے پی آئی اے ٹوکیو کی دوطرفہ پروزایں بند کردی گئی تھیں تاہم اب بڑی کوششوں کے بعد یہ پروازیں بحال ہورہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بحالی کی کوششوں میں سفارتخانہ پاکستان سمیت بہت سی شخصیات نے اہم کردار ادا کیا جن میں چوہدری آصف بھی شاممل ہیں۔

جناب محمد بشیرالدین خان نے جاپان میں مقیم پوری پاکستانی برادری سے اپیل کی کہ جاپان سے پی آئی اے کی دوطرفہ پروازوں کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے کیلئے اپنے وطن کی قومی ایئرلائن میں سفر کریں۔ اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ پہلے سے بہتر خدمات فراہم کی جائیں گی اور بہتر جہاز اس روٹ پر لانے کی کوششیں کی جائینگی

بعد ازاں رانا وحید نے بھی تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ایک مرتبہ پھر قومی ایئرلائن کی جاپان سے پروازوں کو کامیاب بنانے کیلئے پی آئی سے ہی سفر کریں اور ان کے آرام دہ سفر کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائینگی۔

دریں اثناء، جاپان میں مقیم پاکستانی برادری کے وسیع حلقوں نے پی آئی اے ٹوکیو کی بحالی کی خبر پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سمیت پی آئی اے کی انتظامیہ سے اظہار تشکر کیا ہے۔