جاپان میں مردہ قراردیا جانے والا شخص ایک سال بعد گھر واپس آگیا

(ٹوکیو۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 29 رمضان 1439ھ) جاپان میں ایک لاپتہ شخص جسے مبینہ طور پر بعد ازاں مُردہ قرار دیکر اُس کی آخری رسومات بھی ادا کردی گئی تھیں، وہ ایک سال بعد اپنے گھر واپس  آگیا ہے۔ اطلاعات کیمطابق ٹوکیو کے قریب واقع چیبا پریفیکچرکے ماتسودو شہر کا رہائشی چالیس کے پیٹے کا شخص گزشتہ سال لاپتہ ہوگیا تھا جس کی گمشدگی کی رپورٹ اہلِ خانہ نے پولیس میں کروادی تھی۔  بعد ازاں گزشتہ سال 21 جُون کو ایدو دریا میں ایک شخص بیہوشی کی حالت میں پایا گیا جس کا چہرہ وغیرہ مذکورہ گمشدہ شخص سے کافی ملتا جلتا تھا۔

 بیہوشی کی حالت میں ملنے والے اِس شخص کو ہسپتال لیجایا گیا جہاں وہ انتقال کرگیا۔ پولیس نے گمشدہ شخص کی اہلیہ اور اُس کے رشتے داروں کو لاش کی شناخت کیلئے طلب کیا تو اہلیہ سمیت دو دیگر رشتے داروں نے تصدیق کردی کہ لاش اُسی شخص کی ہے جو گمشدہ تھا۔

پولیس نے لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا اور بعد ازاں اُس کی آخری رسومات ادا کی گئیں جن میں جاپان کے عمومی طریقہٴ کار کیمطابق لاش کو جلانا شامل ہے۔ اس طرح اپنی اہلیہ سمیت سب رشتے داروں کی نظر میں وہ شخص آنجہانی ہوگیا۔

لیکن اپنے شوہر کی گمشدگی کی رپورٹ اور بعد ازاں اُسے مردہ حالت میں شناخت کرنے والی خاتون کو رواں ماہ 6 جُون کو اُس وقت حیرتوں کے سمندر میں ڈوب گئی جب اُس کا آنجہانی شوہر لگ بھگ ایک سال بعد صحیح سلامت واپس گھر آگیا۔ اُس کیلئے شوہر کی واپسی ایک بہت بڑا دھچکہ تھی۔ مذکورہ خاتون نے بعد ازاں پولیس کو ٹیلیفون کرکے مطلع کیا کہ اُس کا شوہر واپس آگیا ہے۔