سعودی عرب کی ملکی عسکری مصنوعات کی سب سے بڑی نمائش کا افتتاح

(ریاض۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 11 جمادی الثانی 1439ھ)  سعودی عرب کے دارالحموت ریاض میں سات روزہ صنعتی نمائش کا بین الاقوامی کانفرنس سینٹر میں اتوار کے روز افتتاح ہوا ہے۔ صنعتی نمائش ’’افد 2018‘‘ کا عنوان ’’ہماری صنعت ہماری طاقت‘‘ ہے۔ اس نمائش میں مقامی سطح پر تیار کی جانے والی عسکری مصنوعات کی نمائش کی جا رہی ہے جس کا بنیادی مقصد سعودی عرب ہی میں تیار کردہ مصنوعات کا فروغ ہے۔

عسکری مصنوعات کی اس نمائش کے پہلے مرحلے کا آغاز ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی نگرانی میں‌ ہوا جبکہ افتتاحی تقریب میں سعودی عرب کی مسلح‌ افواج کے سربراہ جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان سمیت کئی دیگر حکومتی وزراء، غیرملکی مہمان، عرب ممالک اور دوسرے ملکوں کے مندوبین نے شرکت کی۔

نمائش میں عسکری شعبے میں استعمال ہونے والے آلات، ہتھیاروں کے پُرزہ جات، فوجی گاڑیاں اور دیگر مصنوعات رکھی گئی ہیں۔ سعودی عرب ملکی معیشت کو مکمل تبدیل کردینے کے خیال پر مبنی ’’تصوّر 2030‘‘ منصوبے کے تحت دفاع اور سیاحت سمیت ملکی معیشت کے تمام شعبوں میں غیرمعمولی تبدیلیاں لارہا ہے جن کا مقصد ملکی معیشت کا تیل پر سے انحصار کم ازکم کرنا ہے۔

عسکری نمائش ’’اوفد 2018‘‘ کا ہدف سعودی عرب کی فوجی صنعت کو عالمی معیارکے مطابق جدت سے آشنا کرنا، عالمی اور مقامی اسلحہ ساز کمپنیوں کی شراکت سے صنعتی مواد کی منتقلی، انہیں مکمل اسلحہ میں تبدیل کرنے اور سعودی عرب میں تیار ہونے والی مصنوعات کو علاقائی اور عالمی منڈی میں متعارف کرانے کی کوشش کرنا ہے۔