سعودی عرب کی وزارت نے 1439ھ کیلئے حج پیکیج جاری کردیے

(مکہ المکرمہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 27 شعبان 1439ھ) سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے 1439ھ کیلئے حج پیکیج جاری کردیے ہیں اور داخلی معلمین کو نئی فیسوں سے آگاہ کردیا ہے۔ اعلان کیمطابق ’’الحج المیسر‘‘ نامی پیکیج کی فیس 3465 ریال ہوگی۔ سب سے مہنگا پیکیج حج کے دوران جمرات کے پل سے متصل ’’ابراج‘‘ میں رہائش اختیار کرنے والوں کیلئے ہوگا۔  

اُن عازمینِ حج سے 11905 ریال لیے جائیں گے جو مذکورہ 6  ٹاورز میں سے کسی ایک میں رہائش کا انتخاب کریں گے۔ وزارت نے بھی واضح کیا کہ فیس ادا کرنے سے قبل پیکیج محفوظ یا بُکنگ کی منسوخی مفت ہوگی جبکہ فیس کی ادائیگی کے بعد 7 ذوالحجہ تک منسوخی پر 100 فیصد تک کٹوتی ہوسکتی ہے۔ وزارت حج کا کہنا ہے کہ رواں سال الحج المیسر پروگرام کے تحت 10ہزار افراد حج کرسکیں گے۔

سعودی عرب کی وزارتِ حج اور عمرہ اس وقت رمضان المبارک کے دوران دنیا بھر سے عمرے کیلئے آنے والے مہمانوں کیلئے تیاریاں کررہی ہے۔ توقع ہے کہ مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ کے توسیعی منصوبوں کی بڑی حد تک تکمیل کے بعد اس سال پہلے سے زیادہ تعداد میں مسلمان حج اور عمرہ ادا کرسکیں گے۔

یاد رہے کہ اس سال رمضان المبارک کے دوران مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ کے درمیان تیز رفتار ’’حرمین ٹرین‘‘ کی سہولت بھی شروع ہو رہی ہے جس کی آزمائش کی جاچکی ہے۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت محدود مسافروں کیلئے ہوگی لیکن اسی سال توقع ہے کہ یہ ریل گاڑی مکمل پیمانے پر چلنا شروع ہوجائے گی۔ یہ منصوبہ مملکتِ سعودی عرب کیجانب سے حج اور عمرے کیلئے دنیا بھر سے آنے والے لوگوں کی سہولت اور ہرممکن آسانی فراہم کرنے کیلئے تیار کیا گیا ہے۔