سعودی عرب کے شاہ سلمان کا عمران خان کو اہم پیغام، ولی عہد شہزادہ محمد پاکستان کا دورہ کرینگے

(اسلام آباد-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 15 ذوالقعدہ 1439ھ) پاکستان کےعام انتخابات میں پاکستان تحریکِ انصاف کی واضح کامیابی کے بعد سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عمران خان کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید بن المالکی نے جمعہ کے روز بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی اور سعودی فرمانروا کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا۔

سعودی سفیربنی گالا میں عمران خان کی رہائش گاہ پر پہنچے تو تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان اور اُن کے دیگر کلیدی عہدیداروں نے گرمجوشی سے سعودی سفیر کا خیرمقدم کیا۔ سفیر نواف سعید بن المالکی نے اس موقع پر کہا کہ سربراہ تحریک انصاف عمران خان کا انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا اور ان کی جانب سے سعودی عرب کے بارے میں جن خیالات وجذبات کا اظہارکیا گیا اسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

سعودی سفیر نے اطلاعات کیمطابق بتایا کہ پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کا عمل مکمل ہوتے ہی سعودی ولی عہد اور وزیرِ دفاع شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کا دورہ کریں گےاور اس دورے سے پاکستان کیساتھ تعلقات کے ایک نئے دور کی بنیاد ڈالی جائے گی۔اُنہوں نے یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ سعودی حکومت ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ہر کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور متحرک سفارتی تعلقات کو مزید تقویت دی جائے گی۔

تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے سعودی فرمانروا کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب برادر اسلامی ملک اور پاکستان کا بااعتماد دوست ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان-سعودی عرب تعلقات کو ایک نئی جہت دے گی۔