شمالی کوریا کا امریکہ کیساتھ مذاکرات پر آمادگی کا اظہار: جنوبی کوریا

(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 10 جمادی الثانی 1439ھ)  جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اِن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا، امریکی کیساتھ بات چیت کا ارادہ رکھتا ہے۔ جنوبی کوریائی صدر نے پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس کی اختتاحی تقریب سے قبل شمالی کوریائی وفد سے کوئی ایک گھنٹے تک ملاقات کی جواس تقریب میں شرکت کیلئے اتوار کے روز سیئول پہنچا ہے۔

صدر مُن نے کہا ہے کہ اُنہوں نے شمالی کوریائی وفد سے کہا کہ جس قدر جلد ممکن ہوسکے، امریکہ-شمالی کوریا مذاکرات ہونے چاہیئں۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کیمطابق شمالی کوریائی وفد نے عندیہ دیا ہے کہ وہ امریکہ کیساتھ مذاکرات کا ارادہ رکھتے ہیں اور اُنہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ بین الکوریائی تعلقات اور شمالی کوریا-امریکہ تعلقات ایک ساتھ پیشرفت کرنے چاہیئں۔

شمالی کوریا کا اعلیٰ سطحی وفد حکمراں ورکرز پارٹی آف کوریا کے نائب سربراہ کِم یونگ چھول کی قیادت میں تین روزہ دورے پر سیئول پہنچا ہے۔ اِ س وفد نے اتوار ہی کے روز پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب میں شرکت کی جہاں امریکی صدر کی صاحبزادی ایوانکا بھی موجود تھیں۔

دریں اثناء، چین کے خبررساں ادارے شِن ہُوا کیمطابق جنوبی کوریا کا دورے کرنے والے شمالی کوریا کے وفد نے جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اِن کی ثالثی میں امریکہ سے مذاکرات کرنے کے ارادے کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ پیونگ چانگ اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شمالی و جنوبی کوریا نے ایک متحدہ جھنڈے تلے مارچ کیا تھا اور دونوں ملکوں کی مُشترکہ آئس ہاکی ٹیم نے مقابلوں میں حصّہ لیا تھا۔ افتتاحی تقریب اور ہاکی ٹیم کے ابتدائی مقابلے کو جنوبی کوریا کے صدر مُن اور شمالی کوریا کے رہنماء کم جونگ اُن کی چھوٹی بہن کِم یو جونگ نے بھی بنفسِ نفیس اسٹیڈیم میں دیکھا تھا اور اپنی مُشترکہ ٹیم کی حوصلہ افزائی کی تھی۔

رواں سال کے اوائل میں شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے ایٹمی اور بیلسٹک میزائل تجربات کے بعد جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کے گہرے بادل چھاگئے تھے لیکن پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس میں شمالی کوریا کی شرکت اور دونوں کوریاؤں کے مابین براہِ راست بات چیت نے صورتحال کو بڑی حد تک تبدیل کردیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین براہِ راست مذاکرات کب منعقد ہوں گے اور برف کس حد تک پگھلے گی۔