شمالی کوریا کا ٹرمپ سے سربراہ ملاقات کی منسوخی پر اظہار افسوس، ایٹمی تجربہ گاہ بند کردی

(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 09 رمضان 1439ھ) شمالی کوریا نے امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنے رہنماء کِم جونگ اُن کی متوقع سربراہ ملاقات کی منسوخی پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کِم امریکی صدر ٹرمپ سے کسی بھی وقت اور کسی بھی حالات میں ملنے کیلئے تیار ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنماء کِم جونگ اُن کیساتھ 12 جُون کو سنگاپور میں متوقع ملاقات گزشتہ روز منسوخ کردی تھی۔ وہائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ کیجانب سے کِم جونگ اُن کو لکھا گیا خط مقامی وقت کیمطابق جمعے کی صبح جاری کیا تھا جس میں امریکی صدر نے کِم کو مخاطب کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’’میں آپ کیساتھ وہاں ملاقات کا خاصا منتظر تھا۔ اُپ کے تازہ ترین بیان میں ظاہر کیا گیا شدید غصّہ اور کھلی دشمنی کی بنیادی پر دکھ کیساتھ میں محسوس کرتا ہوں کہ اس وقت، طویل عرصے سے منصوبہ کردہ ملاقات، غیرمناسب ہوگی۔

یہ سربراہ ملاقات منعقد ہونے کی صورت میں کسی بھی برسرِ اقتدار امریکی صدر اور شمالی کوریا کے رہنماء کے مابین پہلی اورتاریخی ملاقات ہوتی۔

صدر ٹرمپ کے سربراہ ملاقات کرنے سے چند گھنٹوں قبل شمالی کوریا نے اعلان کیا تھا کہ اُس نے اپنی پنگیری ایٹمی تجربہ گاہ کی سرنگیں تباہ کردی ہیں۔ پیانگ نے امریکہ، روس، برطانیہ اور چین کے صحافیوں کو مذکورہ ایٹمی تجربہ گاہ بند کرنے کی رپورٹنگ کی اجازت دی تھی جنہوں نے سرنگوں کو تباہ کرنے کے مناظر دیکھے اور تصدیق کی ہے کہ تجربہ گاہ کے مقام پر زور دار دھماکہ ہوا ہے۔