شہزادہ محمد بن سلمان کی ٹرمپ سے ملاقات، ریاض اور واشنگٹن تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے پُرعزم

(واشنگٹن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 5 رجب 1439ھ) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کا سب سے پُرانا اور مضبوط اتحادی ہے اور وہ سعودی عرب اور امریکہ کے مابین 200 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔

اُنہوں نے وہائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران یہ باتیں کہی ہیں۔ قبل ازیں محمد بن سلمان نے امریکی صدر کیساتھ دوطرفہ تعلقات، خطّے کی صورتحال اور علاقائی وعالمی اُمور پر تبادلہٴ خیال کیا۔

اس موقع پرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور سعودی عرب کے مابین تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط اور استوار ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی مالی مدد کی روکتھام کیلئے سعودی عرب کیساتھ ملکر سنجیدگی سے کام کیا جارہا ہے۔  صدر ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیساتھ اپنی دوستی کو زبردست قراردیا اور کہا کہ اس شراکتداری کو وسیع تر سرمایہ کاری کے ذریعے مضبوط کیا جانا چاہیئے۔

شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہٴ واشنگٹن کے دوران امریکہ اور سعودی عرب دونوں نے تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر ٹرمپ نے یمن کی صورتحال پر بھی تبادلہٴ خیال کیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے دوطرفہ سرمایہ کاری کے امکانات کے بارے میں کہا کہ 200 ارب ڈالر کی باہمی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے اور دونوں ملک اگلے 10 سالوں میں 400 ارب ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کاری منصوبے پر متفق ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ سعوی ولی عہد شہزادہ ملک کیلئے’’تصوّر2030‘‘ نامی اقتصادی منصوبہ پیش کرچکے ہیں جس کے تحت تیل پر سعودی عرب کے انحصار کو کم کرکے ملکی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائےگا۔ اس منصوبے میں سیاحت کے فروغ، نئے اور جدید ترین شہروں کی تعمیر اور ملکی دفاعی صنعت کی ترقّی شامل ہے۔