عمران خان نے پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے طور پر حلف اُٹھالیا

(اسلام آباد-اُردونیٹ پوڈکاسٹ08  ذوالحجہ1439ھ)  عمران خان نے پاکستان کے 22 ویں وزیرِاعظم کے طور پر آج ہفتے کے روز ایوانِ صدر اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب میں حلف اُٹھالیا ہے۔ صدرِ مملکت ممنون حسین نے اُن سے حلف لیا۔

عمران خان تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے صبح 10 بجکر 5 منٹ پر بنی گالہ سے ایوانِ صدر پہنچے تھے جس کے بعد 10 بجکر 10 منٹ پر تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔

اِس تقریب میں سیاسی رہنماؤں کے علاوہ پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہان، 1992ء میں عمران خان کیساتھ کرکٹ کا عالمی کپ کھیلنے والے سابق کھلاڑی اور بھارت سے آئے ہوئے عمران خان کے دوست اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو شامل تھے ۔

تقریبِ حلف برداری کے بعد پاکستان کے نئے وزیراعظم عمران خان ایوانِ وزیراعظم پہنچے جہاں اُنہیں چاق وچوبند دستے نے اعزازی سلامی پیش کی اور وزیراعظم دفتر کے عملے سے اُن کا تعارف کروایا گیا۔

25 جولائی کو منعقدہ پاکستان کے عام انتخابات میں عمران خان کی پاکستان تحریکِ انصاف نے ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں مُسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کو واضح شکست دے کر اب باضابطہ طور پر اقتدار کی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔ پاکستان کے عوام نے ملک میں بدعنوانی، اقرباء پروری، بیروزگاری اور معاشی انحطاط کیخلاف ووٹ دے کر عمران خان کو ایک سنہرا موقع فراہم کردیا ہے کہ وہ 20 سال سے زائد عرسے سے بدعنوانی اور بدعنوان حکمرانوں کے خاتمے کا جو نعرہ لگارہے ہیں اب حقیقی طور پر پاکستان کو بدعنوانی، بدانتظامی اور بدترین معاشی دلدل سے باہر نگالیں گے۔