غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 16 ہوگئی، سلامتی کونسل کیجانب سے مذمّت

(غزہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 14 رجب 1439ھ)  جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج کیجانب سے پُرامن مظاہرین پر فائرنگ اور گولہ باری سے ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 16 ہوگئی جن میں ایک کسان شامل ہے جو اپنے کھیتوں میں کام کرتے ہوئے اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری کا شکار ہوا۔ اطلاعات کیمطابق 1000 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں بچّوں کی بڑی تعدادشامل ہے۔

جمعہ کے روز 42 ویں’’یوم الارض‘‘ کی مناسبت سے ہزاروں فلسطینی شہری مظاہرہ کررہے تھے کہ اسرائیلی فوج نے اُن پر گولہ باری کی اور کئی اطراف سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 16 فلسطینی شہید اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔

یاد رہے کہ 1976ء میں اسرائیلی پولیس نے اسرائیل ہی کے 6 فلسطینی شہریوں کو اُس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا تھا جب وہ فلسطین کی ہزاروں ایکڑ زمین پر اسرائیلی حکومت کے قبضے کیخلاف احتجاج کررہے تھے۔ اُس کے بعد سے فلسطینی ہر سال 30 مارچ کا دن ’’یوم الارض‘‘ کے طور پر مناتے ہوئے مغربی کنارے، مشرقی القدس، غزہ اور اسرائیل میں بھی بڑے احتجاجی مظاہرے کرتے ہیں۔ جمعہ کے روز بھی فلسطینیوں نے اپنے گھروں اور زمین کی واپسی کا مطالبہ دہرانے کیلئے مظاہرہ کیا لیکن ایک مرتبہ پھر اسرائیلی فوج نے اُنہیں گولیوں اور گولوں سے نشانہ بنایا۔

دوسری جانب، نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہُوا جس میں اقوامِ متحدہ کے سیاسی اُمور کے نائب اور معاون سیکریٹری جنرل تئیبروک زیری ہاؤن نے کونسل کو بتایا کہ لگ بھگ 30 ہزار لوگوں نے غزہ اور اُس کے ارد گرد مظاہروں میں شرکت کی اور وہ پُرتشدّد نہیں تھے۔ تاہم اُنہوں نے اِن اسرائیلی اطلاعات کا بھی ذکر کیا کہ بعض احتجاجی مظاہرین نے پتھراؤ کیا تھا۔

اُدھر غزہ سے عینی شاہدین اور دیگر ذرائع کیمطابق فلسطینی مظاہرین نے اسرائیلی سرحد عبور نہیں کی اور وہ نعرے بازی کررہے تھے تاہم جب اسرائیلی فوج نے اُن پر گولیاں چلائیں اور آنسو گیس کے گولے پھینکے تو کچھ لوگوں نے دُور سے پتھراؤ بھی کیا لیکن اِس پتھراؤ کے نتیجے میں کوئی اسرائیلی شہری یا اسرائیلی فوجی زخمی تک نہیں ہُوا۔

ٹوئیٹر اور فیس بُک سمیت سماجی رابطوں کی سائٹس پر جاری وڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ فلسطینی مظاہرین سرحدی باڑ سے دُور تھے اور کسی نے باڑ عبور نہیں کی لیکن اسرائیلی فوج نے بار بار براہِ راست فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں آخری اطلاعات آنے تک 16 فلسطینی شہید اور 1000 سے زائد زخمی ہوگئے۔