لاکھوں عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے، سلسلہ جاری

(ٹوکیو-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 28 ذوالقعدہ 1439ھ)  رواں سال فریضہٴ حج کی ادائیگی کیلئے رواں ہفتے تک 10 لاکھ سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جبکہ دنیا بھر سے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سعودی عرب کے حکّام کا کہنا ہے کہ مذکورہ تعداد گزشتہ سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں سات فیصد زیادہ ہے۔ توقع ہے کہ اس سال عازمینِ حج کی ریکارڈ تعداد فریضہٴ حج ادا کرے گی۔ سعودی عرب کی حکومت نے مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ میں حج و عمرہ کرنے والوں کی گنجائش اور سہولیات کو وسعت دینے کے منصوبے کے تحت ان دونوں مقامات پر نئی تعمیرات اور تزئین وآرائش کے منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچادیے ہیں۔

جاپان اور جنوبی کوریا سمیت غیراسلامی ممالک سے بھی عازمینِ حج کی بڑی تعداد ہر سال سعودی عرب جاتی ہے۔ جاپان سے اسی اختتامِ ہفتہ پر عازمینِ حج کا پہلا وفد روانہ ہونے والا ہے۔