لیڈز ٹیسٹ، انگلینڈ کے پہلی اننگز میں 7 وکٹ پر 302 رنز

(لیڈز۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 18 رمضان 1439ھ) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین لیڈز میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 302 رنز بنائے تھے اور اُس کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوگئے ہیں۔ قبل ازیں، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 174 رنز بنائے تھے اس طرح اب انگلش ٹیم کو پاکستان پر 128 رنز کی برتری حاصل ہے اور اُس کی 3 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

لیڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے کھانے کے وقفے تک نہیں ہوسکا تھا تاہم وقفے کے بعد کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ نے گزشتہ دن کے اسکور 106 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی اور آہستہ آہستہ اپنے اسکور کو آگے بڑھایا۔

پاکستان کو پہلی کامیابی اُس وقت ملی جب محمد عامر نے جے روٹ کو آؤٹ کیا جنہوں نے 45 رنز بنائے تھے۔ چائے کے وقفے کے بعد محمد عامر نے ہی مالن کو اُن کے ذاتی اسکور 28 پر آؤٹ کردیا۔ بعد ازاں شاداب خان نے بیس کو آؤٹ کیا جنہوں نے 49 رنز بنائے اور اپنی ففٹی مکمل نہ کرسکے۔ کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے 7 وکٹ پر 302 رنز بنائے ہیں اور اُسے پاکستان پر 128 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

لیڈز میں اتوار کے روز موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور بارش کا امکان بہت کم بتایا جاتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ میچ کے تیسرے روز پاکستان کتنی جلدی انگلینڈ کی بقیہ تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرسکے ہے۔ صورتحال سے لگتا ہے کہ پاکستان کو دوسری اننگز کی بلّے بازی میں میچ کو بچانے کیلئے بہت ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔