لیڈز ٹیسٹ، پاکستان کے 174 رنز کے جواب میں انگلینڈ کے 2 وکٹ پر 106 رنز

(لیڈز۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 17رمضان 1439ھ) لیڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلش ٹیم نے پہلی اننگز میں پاکستان کے 174 رنز کے جواب میں 2 وکٹوں کے نقصان 106 رنز بناکر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ قبل ازیں پاکستانی ٹیم چائے کے وقفے سے پہلے 174 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

اس ٹیسٹ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کا فیصلہ کیا لیکن ابتدائی بلّے بازوں امام الحق اور اظہر علی نے یکے بعد دیگرے بالترتیب صفر اور 2 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوکر کپتان کو مایوس اور ٹیم کو مشکلات کا شکار کردیا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 1 رن پر گری جب امام الحق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور دوسری وکٹ 17 کے مجموعی اسکور پر گرگئی جب اظہر علی صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان دونوں بلّے بازوں کے جلد آؤٹ ہونے سے ٹیم پر کافی دباؤ آگیا۔

بعد ازاں حارث سہیل نے 28 اور اسد شفیق نے 27 رنز بنائے لیکن یہ دونوں بھی جم کر کھیلنے میں ناکام رہے۔ پاکستان کی طرف سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عثمان صلاح الدین کوئی متاثر کُن کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف چار کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان سرفراز جو اپنے گزشتہ کئی میچوں میں کوئی قابلِ ذکر بلّے بازی نہیں دکھاسکے تھے وہ اس مرتبہ بھی صرف 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انگلش بالنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے شاداب خان تھے جو 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اُنہوں نے محمد عامر اور حسن علی کیساتھ ملکر ٹیم کے اسکور کو 174 تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ محمد عامر نے 13 اور حسن علی نے 24 قیمتی رنز بنائے۔

پاکستان کسی بھی موقع پر انگلینڈ کے دباؤ سے باہر نہیں نکل سکا اور تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد وکٹیں گرتی رہیں۔

اس کے جواب میں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز مستحکم انداز میں کیا۔ اُس کے ابتدائی بلّے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکتدار میں 53 رنز بناکر اپنی ٹیم کو لارڈز ٹیسٹ کے مقابلے میں اچھّا آغاز فراہم کیا جبکہ اُس کی دوسری وکٹ 104 رنز پر گری۔ اوپنر جیننگز 29 اور کُک 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی طرف سے فہیم اشرف اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کی تھی لیکن لیڈز ٹیسٹ کے پہلے دن یہ ٹیم پچھلے میچ جیسی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی۔ اب انگلش ٹیم کو پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور تک پہنچنے کیلئے 68 رنز درکار ہیں اور اُس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔ میچ کے دوسرے روز ہفتے کے دن پاکستانی بالروں اور کپتان سرفراز احمد کو انگلش بلّے بازوں کی وکٹیں جلد سے جلد حاصل کرنے کیلئے کوشش کرنی ہوگی تاکہ اُنہیں کوئی بڑی سبقت حاصل کرنے سے روکا جاسکے۔