مقبوضہ کشمیر میں یوم پاکستان، قومی ترانے کی گونج اور پاکستانی پرچم لہرائے گئے

(سرینگر۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 7 رجب 1439ھ)  مقبوضہ کشمیر میں بھی یومِ پاکستان جوش وجذبے اور بھارتی تسلط سے آزادی کے عزم کیساتھ منایا گیا جبکہ ایک تقریب میں پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا اور قومی پرچم بھی لہرائے گئے۔

کشمیر میڈیا سروس کیمطابق مقبوضہ کشمیر کے مرکزی شہر سرینگر میں ’’دخترانِ ملّت تنظیم‘‘ کے زیرِ اہتمام یومِ پاکستان شاندار انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں تنظیم کی سربراہ آسیہ اندرابی اور دیگر خواتین نے پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا اور پاکستان سے اپنی والہانہ محبّت کا اظہار کیا۔ محترمہ آسیہ اندرابی نے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے بھی لگائے اور دوقومی نظریہ کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اسلام، ایمان، قرآن اور رسول اللہ ﷺ سے محبّت کی بنیاد پر برصغیر میں تمام مسلمان پاکستانی ہیں۔

یاد رہے کہ ہندوستان میں برطانوی راج کے خاتمے اور قیامِ پاکستان کے موقع پر برطانوی وائسرائے نے جمّوں وکشمیر میں رائے دہی نہیں کروائی اور علاقے کو متنازع چھوڑدیا تھا۔ برطانوی نوآبادیاتی دور کی یہ آگ آج بھی خطّے اور اس کے عوام کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے۔ بعد ازاں اقوامِ متحدہ میں بھارت اور پاکستان دونوں نے جمّوں وکشمیر کو متنازع تسلیم کرتے ہوئے رائے دہی کے ذریعے اِس علاقے کی قسمت کا فیصلہ کرنے پر اتفاقِ رائے کیا تھا۔ لیکن جمّوں وکشمیر کے مسلمانوں کو آج تک حقِ ارادیت نہیں دیا گیا جبکہ اقوامِ متحدہ بھارت سے اپنی ہی قررادادوں پر عملدرآمد کروانے میں مکمل ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے خطّے پر ایٹمی جنگ کے خطرات مسلسل منڈلارہے ہیں۔ 

کہا جاتا ہے کہ مقبوضہ جمّوں وکشمیر برطانیہ کیجانب سے مسلمانوں کی پیٹھ میں گھونپا گیا پہلا اور آخری خنجر نہیں بلکہ یہ فلسطین میں فلسطینیوں سے اُن کی زمین چھین کر یہودیوں کی آبادکاری کے غیرقانونی اور غیراخلاقی عمل اور ظلم کا تسلسل ہے۔