پاکستان کی زمبابوے کیخلاف 244 رنز سے فتح، فخر زمان کی شاندار ڈبل سنچری

(بلاوایو-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 08 ذوالقعدہ 1439ھ) زمبابوے میں جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو ریکارڈ 244 رنز سے شکست دیدی جبکہ اوپنر فخرزمان نے ایک روزہ میچوں میں پاکستان کیجانب سے پہلی ڈبل سنچری بناکر ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ اس کے علاوہ فخرزمان اور انعام الحق نے ایک روزہ میچوں میں پہلی وکٹ کی شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کردیا ہے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 303 رنز بنائے جو اب ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

یاد رہے کہ موجودہ سیریز میں پاکستان کی یہ مسلسل چوتھی فتح تھی جبکہ زمبابوے کوئی جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔

چوتھے ایک روزہ میچ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلّے بازی کرنے کا فیصلہ کیا توابتدائی بلّے بازوں فخر زمان اور امام الحق نے جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کرکے بھرپور اعتماد کے ساتھ اننگز کو مستحکم طریقے سے آگے بڑھایا جس کی بدولت پاکستان نے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور 399 رنز کا ریکارڈ بناڈالا۔ اس سے پہلے پاکستان کا سب سے بڑا اسکور 385 رنز تھا جو بنگلہ دیش کیخلاف بنایا گیا تھا۔

اس میچ کی سب سے نمایاں بات فخر زمان کی جارحانہ اور ریکارڈ ساز ڈبل سنچری تھی۔ اُنہوں نے 210 رنز بناکر پاکستان کی طرف سے ایک روزہ میچوں کی سب بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بنایا۔ فخر زمان نے ایک روزہ میچوں میں ڈبل سنچری بنانے والے پاکستان کے پہلے بلّے باز بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے سابق کپتان سعید انور نے 1997ء بھارت کیخلاف 194 رنز بنائے تھے جو اب تک ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور تھا لیکن اب یہ ریکارڈ فخرزمان نے توڑدیا ہے۔ اُن کی بلّے بازی انتہائی جارحانہ اور دھواں تھی جسے زمبابوے کا کوئی بالر نہ روک سکا۔

پاکستان نے زمبابوے کیخلاف اس میچ میں مقررہ 50 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر مجموعی طور پر 399 رنز بنائے جس میں فخرزمان کے 210، امام الحق کے 113 اور آصف علی کے 50 رنز شامل ہیں۔ آؤٹ ہونے والے واحد بلّے باز انعام الحق تھے۔

اس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم  42.2 اوورز میں 155 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے 244 رنز کے بڑے فرق کیساتھ یہ میچ بھی شاندار طریقے سے جیت لیا۔