پاکستان کی پارلیمان آج وزیراعظم کا انتخاب کرے گی، عمران خان کی کامیابی یقینی

(اسلام آباد-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 06 ذوالحجہ1439ھ) پاکستان کے عام انتخابات 2018ء کے بعد منتخب ہونے والی ملک کی پارلیمان آج جمعے کے روز نئے وزیرِاعظم کا چناؤ کرے گی۔ حالیہ انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت، پاکستان تحریکِ انصاف کی طرف سے اس کے قائد عمران خان جبکہ ساابق حکمراں جماعت مُسلم لیگ ن کی طرف سے اس کے سربراہ شہباز شریف وزارتِ عظمیٰ کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرواچکے ہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف قومی اسمبلی میں اسپیکر اور نائب اسپیکر کا انتخاب گزشتہ روز جیت چکی ہے۔ توقع ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان یقینی طور پر وزارتِ عظمیٰ کا انتخاب جیت کر آج ملک کے نئے وزیرِاعظم بن جائیں گے۔  

وزیرِاعظم کے انتخاب کیلئے آج اسلام آباد میں ہونے والے قومی اجلاس کے اجلاس میں ایوان کی تقسیم کے طریقہٴ کار کے تحت رائے دہی ہوگی۔ وزارتِ عظمیٰ کے اُمیدواروں کے حامی دو مختلف گروپوں میں بٹ جائیں گے جس کے بعد اراکین کی گنتی میں سادہ اکثریت حاصل کرنے والا اُمیدوار قائدِ ایوان یعنی وزیراعظم بن جائے گا۔

مُسلم لیگ ن کے اُمیدوار اور سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے بھائی شہباز شریف کو توقع سے بھی کم اراکین کی حمایت ملنے کا امکان ہے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اُن کی حمایت سے انکار کردیا ہے۔ دوسری جانب، پاکستان تحریکِ انصاف کے عمران خان کو ایم کیو ایم، مُسلم لیگ ق اور آزاد اراکین کی بھاری تعداد کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں اُن کا وزیرِاعظم منتخب ہونا یقینی نظرآتا ہے۔