گاڑی ساز ادارے جی ایم کوریا نے کُنسان کا کارخانہ بند کرنے کا اعلان کردیا

(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 14 فروری 2018)  جنوبی کوریا کا تیسرا سب سے بڑ اگاڑی ساز ادارہ جی ایم کوریا کُنسان شہر میں قائم اپنا ایک خانہ بند کرنے والا ہے جس کے نتیجے میں 2100 ملازمین کوفارغ کردیا جائے گا۔  جنرل موٹرز کیجانب سے جاریکردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے اپنی مزدور یونین اور حِصص یافتگان کو مزید سرمایہ کاری کا ایک منصوبہ پیش کیا تھا جس سے ملازمتیں بچائی جاسکتی تھیں۔ تاہم اطلاعات کیمطابق زیادہ لاگتوں کی وجہ سے جی ایم کوریا کارخانہ چلانے سے قاصر ہے۔

جنوبی کوریا کی حکومت نے مذکورہ کارخانہ بند ہوجانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ جی ایم نے حکومت کی مدد طلب کی تھی۔

سیئول کے جنوب مغرب میں 200 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کُنسان شہر میں قائم کارخانے میں دو ہزار سے زائد ملازمین ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سال 2017 میں اس کارخانے کی صرف 20 فیصد پیداواری گنجائش کو ہی استعمال کیا گیا اور 33ہزار 982 گاڑیاں تیار کی گئی تھیں۔ اس کارخانے میں گاڑیاں اسمبل کیجاتی تھیں۔ جی ایم کوریا کے مزید دو کارخانے جنوبی کوریا میں ہیں۔

اس گاڑی ساز ادارے نے 2002ء میں اپنے قیام کے بعد سے ایک کروڑ گاڑیاں تیار کی ہیں۔ جی ایم کوریا نے 2017ء میں ایک لاکھ 32 ہزار 377 گاڑیاں جنوبی کوریا میں فروخت کیں اور تین لاکھ 32 ہزار 170 گاڑیاں دنیا بھر کی 120 منڈیوں کو برآمد کیں۔