(استنبول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 15 رمضان 1439ھ) 565 سال قبل عظیم سپہ سالار سلطان محمد دوئم کے ہاتھوں تاریخی شہر استنبول کی شاندار فتح اور یورپ کی بدترین شکست کے یادگاری دن کے موقع پر استنبول میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ فتحِ استنبول 29 مئی 1453ء کو ہوئی تھی جب سلطان محمد دوئم نے رومیوں کو تاریخ کی عبرتناک شکست دے کر استنبول فتح کیا تھا۔ اس تاریخی فتح کے بعد سلطان محمد دوئم کو ’’فاتح‘‘ کا خطاب دیا گیا اور اُنہیں سلطان محمد فاتح کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔تاریخی فتحِ استنبول کے وقت اس شہر کو قسطنطنیہ کہا جاتا تھا۔
یاد رہے کہ عظیم فاتح سلطان محمد نے 1444ء سے 1446ء اور 1451ء سے 1481ء میں اپنے انتقال تک حکمرانی کی تھی۔
فتحِ استنبول کے یادگاری دن کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ استنبول کے زیرِاہتمام خلیج کنونشن سینٹر میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ ’’ترکی کو 2023ء کے اہداف اور 2053ء اور 2071ء کے قومی تصوّر پر لے کر جانے سے متعلق ہمارا موقف سلطان محمد کی فتحِ استنبول کے دوران ہمارے آباواجداد کے اعتقاد، عزم اور تصوّر جیسا ہی ہے‘‘۔
استنبول شہر کو قوم کیلئے آباواجداد کا قیمتی ترین ورثہ قراردیتے ہوئے جناب اردوغان نے کہا کہ ہمارے اس شہر سے تعلقات جتنے مضبوط ہوں گے ہم اپنے ملک کیلئے اُتنی ہی مزید خدمات پیش کرسکتے ہیں۔ اُنہوں نے زور دیا کہ ’’استنبول ہمارا قلب ہے، اگر قلب رُک گیا تو ہمارے اعضاء کام نہیں کرسکتے، استنبول ترکی کا دل ہے‘‘۔
صدرِ ترکی نے تمام مہمانوں اور شُرکاء کے ساتھ افطاری بھی اسی تقریب کے دوران کی۔
بعد ازاں، ساحلِ سمندر کے نزدیک سمندر کی سطح پر ایک تیرتے ہوئے اسٹیج پر ’’فتح شو‘‘ پیش کیا گیا جس میں موسیقی کی محفل اور روشنیوں کا رنگ برنگی مظاہرہ کیا گیا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی نئے اور قدیم دور کا امتزاج ان تقریبات کا خاصا تھا۔